بھٹکل:26/ دسمبر(ایس اؤنیوز)عیسائیوں کے تہوار کرسمس کے موقع پر خیرسگالی کے طورپر جماعت اسلامی ہند بھٹکل کا ایک وفد کریکال چرچ پہنچ کر وہاں کے فادر اور دیگر ذمہ داران سے ملاقات کی۔
اس موقع پر امیر مقامی بھٹکل مجاہد مصطفیٰ نے بتایا کہ بھارت ایک کثیر لسانی ، ثقافت اور مذاہب کا ملک ہے، تمام مذاہب کے لوگ مل جل کر آپسی میں بھائی چارگی سے زندگی گزارنےمیں ملک کی ترقی بھلائی مضمر ہے۔ تہواروں کے موقع پر ایک دوسرے سے ملاقات کرنا ، مبارکبادی پیش کرنا اس ملک کی تہذیب رہی ہے اس کو ہمیں نہیں بھولنا چاہئے۔ مذہب کا اصل مقصد امن وشانتی ، بھائی چارہ پیدا کرنا ہے، ہم ایک دوسرے کے دھرم کامطالعہ کرتے ہوئے آپسی عزت وا حترام کرنا سیکھیں۔
وفد کے دورے کے مقصد کو واضح کرتے ہوئے امیر مقامی نے بتایا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے متعلق قرآن مجید میں تفصیل سے بیان کرتے ہوئے انہیں عیسیٰ ابن مریم کہاہے ، اگر ہم قرآنی تعلیمات کو برادران وطن کے سامنے واضح کریں تو انہیں سچائی سے آشنا ہونے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ہند اترکنڑا کے ناظم ضلع محمد طلحہ سدی باپا،سید محمد اشرف برماور ،محمد رضامانوی وغیرہ موجود تھے۔